اسلام آباد (آغازانقلاب ڈیسک) صدر مملکت آصف زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھالیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکرسردار ایاز صادق کی زیر صدارت 40 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ تلاوت قران پاک کے بعد اسپیکر نے پیپلز پارٹی کی نومنتخب رکن اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری کو حلف کے لیے کہا تو اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور نعرے بازی شروع کر دی۔اس کے جواب میں پیپلز پارٹی کے ارکان بھی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور جواباً نعرے بازی شروع کر دی۔ اس دوران شور شرابے میں آصفہ بھٹو حلف لیتی رہیں۔ حلف کے بعد آصفہ زرداری نے رول آف ممبر پر دستخط بھی کئے۔آصفہ بھٹو زرداری حلف کے بعد گیلری میں بیٹھی اپنی بہن بختاور بھٹو زرداری،پھوپھی فریال تالپور، اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے علاوہ پیپلز پارٹی سندھ کی قیادت سے ملیں اور اس کے بعد اپنے والد صدر مملکت آصف زرداری سے ملنے صدارتی چیمبر چلی گئیں۔