ہفت روزہ ”آغازانقلاب“ کراچی کو اشاعت کا آغاز کئے نو سال ہو چکے، الحمد اللہ یہ اپنی دسویں سالگرہ منا کر دسویں سال میں قدم رکھ چکا۔ اس کے گزرے ہوئے سال ہموار، یکساں اور آسان نہیں تھے۔ ہفت روزہ ”آغازانقلاب“ کراچی کو بھی اپنے پیارے وطن پاکستان کی طرح نشیب و فراز سے گزرنا پڑا۔ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور مصائب کی بھٹی میں سلگنا پڑا لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس نے ہر آزمائش کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔ قلم، عزت اور حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ کسی کرپٹ ادارے، لینڈمافیا کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا۔ اللہ کی زمین پر اللہ کی حکومت اور اللہ کے بندوں کے ذریعے حکومت پر اصرار کرتا رہا۔
پہلے دن ہی سے ہفت روزہ ”آغازانقلاب“ کراچی کو ایک ایسی مخلص ٹیم ملی جس نے بغیر کسی لالچ اس کی کامیابی کیلئے بھرپور محنت کی جس کی وجہ سے اخبار نے شہرقائد کے عوام کے دلوں میں جگہ بنالی۔ اداروں کو چلانے کیلئے ایک طرف جہاں ایک اچھی ٹیم کی ضرورت ہے اور دوسری طرف بھاری اخراجات کو بھی مدنظر رکھنا پڑتا ہے جس کے لئے اداروں کو لامحالہ کسی نہ کسی کا سہارا لینا پڑتا ہے، الحمداللہ ہفت روزہ ”آغازانقلاب“ کراچی کی اچھی اور مخلص ٹیم ہی سب سے بڑے سرمایہ صورت میں ایک دوسرے کا دست بازو بنی رہی جس کی بناءپر کوئی سرمایہ دار اپنے مقاصد کیلئے استعمال نہ کرسکا ہے اور نہ ہی کوئی سیاستدان اور پارٹی اپنا ترجمان بناسکی ہے۔ آغازانقلاب کی کوشش رہی ہے کہ تمام پارٹیوں اور سیاستدانوں کو میرٹ اور برابری کی سطح پر کوریج دی جائے ‘حکومت وقت کے ہر اس فیصلے اور اعلان کو نمایاں طور پر شائع کرنے کی کوشش کی گئی جس میں میں عوامی مفاد ہو اس کے ساتھ ساتھ حکومتی اداروں کی نظروں سے اوجھل ہونے والے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے مسائل کو بھرپور کوریج دینے کوہی ترجیح دی گئی۔
ہفت روزہ ”آغازانقلاب“ کراچی کا سفر جاری ہے اور انشاءاللہ جاری رہے گا۔ کوئی آستین کا سانپ اور کوئی تیر انداز، کوئی زبردست اور کوئی بالادست ، ہمارے ذوق سفر کو ختم نہیں کر سکتا، ” ہمارے لئے اللہ ہی کافی ہے اور وہ سب سے بہتر مددگار ہے“۔
محمد عمران فیروزی ایڈیٹر