کراچی(آغازانقلاب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھاری اکثریت کے ساتھ دوسری بار پاکستان کے صدر منتخب ہوگئے‘ ملک کے 14 ویں صدر کے انتخاب کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں پولنگ ہوئی، قومی اسمبلی میں پریذائیڈنگ افسر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق رہے، صدارتی الیکشن میں سینیٹر شیری رحمان آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ رہیں جبکہ سینیٹر شفیق ترین محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے تھے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پارلیمنٹ ہاﺅس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے۔نتائج کے مطابق حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے 411 الیکورل ووٹ حاصل کر کے انتخاب جیت لیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مجموعی طور پر الیکٹوول کالج کی 1185 نشستوں میں سے 92 نشستیں خالی ہیں جس کے نتیجے میں 1093 ووٹرز صدارتی الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے لیکن 1044 اراکین اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور 9 ووٹ مسترد ہوئے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج میں بتایا گیا کہ صدارتی انتخاب میں 1035 ووٹ درست قرار دیے گئے۔سینیٹ اور قومی اسمبلی سے آصف علی زرداری کو 255 اور محمود خان اچکزئی کو 119 ووٹ ملے۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ آصف زرداری کو پنجاب اسمبلی سے 47 اور محمود خان اچکزئی کو 18 ووٹ حاصل ہوئے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق سندھ اسمبلی سے آصف زرداری کو 58 اور محمود خان اچکزئی کو صرف 3 ووٹ ملے۔ بلوچستان اسمبلی سے آصف زرداری کو 47 ووٹ ملے جب کہ محمود خان اچکزئی کو ایک بھی ووٹ نہیں ملا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی سے محمود خان اچکزئی نے 91 ووٹ اور ا?صف زرداری نے 17 ووٹ حاصل کیے، ایک ووٹ مسترد ہوا۔نومنتخب صدر آصف علی زرداری نے اپنی دوسری مدت کے لیے ملک کے چودہویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے حلف لیا۔ تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین و آصف زرداری کے صاحبزادے بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بختاور زرداری اور آصفہ زرداری شریک ہوئیں۔ مسلح افواج کے تینوں سروسز چیفس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی تاہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ بعد ازاں کابینہ ڈویڑن نے بھی نوٹی فکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ عارف علوی صدرپاکستان نہیں رہے اور آصف علی زرداری صدر پاکستان بن گئے ہیں۔