لاہور (آغازانقلاب ڈیسک) اسپیکرپنجاب اسمبلی سبطین خان کی زیرصدارت ہونے والے پنجاب اسمبلی کے پہلے اجلاس کے پہلے روز نومنتخب اراکین پنجاب اسمبلی نے اپنی رکنیت کا باقاعدہ حلف اٹھا لیا۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 310 اراکین اسمبلی نے شرکت کی جن میں 215 ارکان کا تعلق پی ایم ایل این اور پی پی پی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں سے تھا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے 95 اراکین نے بھی اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا،اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج خفیہ رائے شماری سے ہوگا،ن لیگ کے ملک احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچرنے اسپیکر کیلیے کاغذات جمع کرا دیے۔ اراکین پنجاب اسمبلی کی جانب سے حلف اٹھانے کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے حلف اٹھانے والے ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ارکان اسمبلی پنجاب کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور وہ اپنی منزل میں کامیاب و کامران ہوں گے، اللہ تعالیٰ آپ کو بات سننے اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ بعدازاں اپنی رکنیت اسمبلی کا حلف اٹھانے والے ارکان اسمبلی نے حلف کے رجسٹرپر باری باری دستخط کیے۔ حلف برداری کی تقریب سے قبل پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس حسب روایت اپنے مقررہ وقت سے 2گھنٹے 19منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا،اجلاس کی کارروائی کے آغاز سے قبل پنجاب کی نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز ایوان میں پہنچ چکی تھیں جو ایوان میں ارکان اسمبلی کو ہاتھ لہرا کر اپنی موجودگی کا احساس دلاتی رہیں۔ تلاوت کلام پاک اور نعت خوانی کے بعد اجلاس کی باقاعدہ کارروائی شروع کی گئی تو اجلاس دونوں بینچوں کے ارکان کے شور شرابے کی وجہ سے مچھلی منڈی بن گیا۔ قبل ازیں ارکان پنجاب اسمبلی کے شور شرابے پر اسپیکر سبطین خان نے ریمارکس دیے کہ آج اجلاس کا پہلا دن ہے ایوان کا ماحول ٹھیک رہنے دیں،5سال آپ نے یہی کام کرنا ہے۔ علاوہ ازیںپنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے ن لیگ کے ملک احمد خان نے اور سنی اتحاد کونسل کی طرف سے اسپیکر کے لیے احمد خان بھچر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ڈپٹی اسپیکر کے لیے مسلم لیگ (ن) کے ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔واضح رہے کہ نومنتخب اراکین پنجاب اسمبلی نے جمعہ کو حلف اٹھا لیا، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہفتہ کو ہوگا۔