
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شاہین فورس کا اہلکار شہید ہوگیا۔تفصیل کے مطابق شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس فیز فائیو خیابان توحید میں پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا، اہلکار کی شناخت عبدالرحمان کے نام سے ہوئی۔شہید اہلکار کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال متنقل کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عبدالرحمان موٹر سائیکل پر مشکوک گاڑی کا پیچھا کررہا تھا۔پولیس حکام اور کرائم سین یونٹ کے افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔پولیس کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے ایک اہلکار معجزانہ طورپر محفوظ رہا جس سے واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ڈی آئی جی ساو¿تھ عرفان بلوچ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اہلکار کی شہادت کے معاملے پر فائرنگ کرکے شہید کرنے والا ملزم سابق ڈپٹی کمشنرکا بیٹا ہے۔ ملزم کے والدین کا بیان ریکارڈ کرلیا گیاہے، ملزم کے والد نثار احمد نے خود کو سابق ڈپٹی کمشنر ظاہر کیا اور ملزم کے والد سابق ڈپٹی کمشنر اور معذوری کی وجہ وہیل چیئر پر ہیں۔عرفان بلوچ نے مزید بتایا کہ ملزم خرم نثارسوئیڈن کا رہائشی اور 2بچوں کا باپ ہے، ملزم 5نومبر کو سوئیڈن سے کراچی آیا تھا جبکہ اس کی بیوی سوئیڈن میں رہتی ہے۔ ڈی آئی جی ساو¿تھ کا کہنا تھا کہ ملزم سے متعلق ایف آئی اے سے رابطہ ہے، ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم فضائی راستے سے فرار نہیں ہوا۔عرفان بلوچ نے مزید کہا کہ ملزم کیخلاف ایف آئی اے کو خط بھی لکھ رہے ہیں، ملزم مفرار ہونے کی کوشش کرسکتا ہے ، ملزم کا والد ضعیف ہیں اور کہنا ہے کہ وہ سابقہ ڈپٹی کمشنر ہیں۔