کراچی (اسٹاف رپورٹر) مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ان کو دارالعلوم کراچی کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔نماز جنازہ مرحوم کے چھوٹے بھائی مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی جس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، حافظ نعیم الرحمٰن، اورنگزیب فاروقی سمیت علمائے کرام، سیاسی، سماجی اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی جمعہ(18 نومبر) کی شب طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ طویل عرصہ سے علیل تھے اور انتہائی نگہداشت میں تھے۔مرحوم کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کی بیرونِ ملک سے آمد میں تاخیر کے باعث ان کی نمازِ جنازہ اور تدفین اتوار کی صبح کی گئی، مرحوم جامعہ دارالعلوم کراچی کے صدر اور وفاق المدارس العربیہ کے سرپرست اعلیٰ تھے۔