
کراچی(اسٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق بڑا فیصلہ سناتے ہوئے 15 جنوری سال 2023 کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے آج بروز منگل 22 نومبر کو کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق بڑا فیصلہ سناتے ہوئے 15 جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔ اس موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے 90 روز کیلئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی استدعا بھی مسترد کردی گئی۔بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ دیتے ہوئے ای سی پی کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخاب 15 جنوری کو ہوں گے۔ اس سلسلے میں انسپکٹر پولیس اورچیف سیکریٹری سندھ سیکیورٹی فراہم کریں۔سماعت سے متعلق جماعت اسلامی، متحدہ قومی موو¿منٹ (ایم کیو ایم) ، پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کئے گئے تھے۔تیسری بار 23 اکتوبر کو الیکشن کا اعلان ہوا تو سندھ حکومت سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم دستیابی کو بنیاد بنا کر التوا کیلئے الیکشن کمیشن پہنچ گئی تھی۔الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال حسین نے بینچ کو آگاہ کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات پہلے بارشوں کے باعث ملتوی کیے گئے تھے، لیکن بعد میں سندھ حکومت نے انہیں مزید 90 روز کے لیے ملتوی کردیا۔