
کراچی (رپورٹ/ عمران ہاشمی)شہرقائد میں ایک بار پھر ڈاکوو ں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر2محنت کشوں کو قتل کردیا ،جبکہ ڈاکوو ں اور فائرنگ کے دیگر واقعات میں 4افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو علی الصبح سرجانی ٹاو ن کے علاقے ناردرن بائی پاس پر اٹک پٹرول پمپ کے قریب 2موٹرسائیکلوں سے 4سے زائد ملزمان نے اسلحے کے زورپر ڈمپر رکواکر ڈرائیور اور کلینر سے لوٹ مار کی اس دوران ڈرائیور نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کرکے شدیدزخمی کردیا اورفرار ہوگئے جبکہ کلینر محفوظ رہا ، اس اطلاع پر پولیس اور ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر 20سالہ بلال ولد اشرف کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا ، پولیس حکام کے مطابق بلال ڈمپر ڈرائیور ہے اور وہ ریتی بجری لے کر حب جارہا تھا کہ راستے میں اسے 4مسلح افراد نے روکا اور اس سے موبائل فون و دیگر قیمتی سامان چھیننے لگے ، اس دوران بلال نے مزاحمت کی تو ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ، بلال شدید زخمی ہوگیا جو چند گھنٹے اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔جمعرات کی صبح مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاو ن کے علاقے فرنٹیئر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50سالہ انور خان جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ،پولیس کے مطابق مقتول انور خان بس اڈے کا منشی تھا دفتر میں کام میں مصروف تھا کہ اس دوران دو مسلح افراد آئے اور انھوں نے ڈکیتی کی واردات کی ، دفتر میں بیٹھے دو مسافروں کو لوٹ لیا اور انھوں نے انور خان سے بھی موبائل فون و نقدی مانگی جس پر اس نے مزاحمت کی تو ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، جاتے جاتے انور کے موبائل فون اور نقدی بھی لے گئے ، انور کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکا تھا ۔عوامی کالونی کے علاقے مرتضی چورنگی کے قریب ڈاکوو ں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی جس سے35سالہ عثمان ولد سلیم زخمی ہوگیا ، جیسے جناح اسپتال میں طبی امداد جارہی ہے۔ منگھوپیر کے علاقے کرسچن کالونی میں ڈاکوو ں نے لوٹ مار کے دووران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 22سالہ حیدر علی کو زخمی کردیا جیسے ایمبولنس میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ابراہیم حیدری کے علاقے الیاس گوٹھ میں مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 20سالہ عباس ولد رمضان کوزخمی کردیا جیسے فوری طورپر ایمبولنس میں جناح اسپتال منتقل کرکے طبی امداد جارہی ہے ۔ سپر ہائی وے خدام سولنگی گوٹھ میں گھر میں فائرنگ کے پراسرار واقعے میں 27سالہ اریب ولد شکیل زخمی ہوگیا جیسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔