کراچی (اسٹاف رپورٹر) جے یو پی کے مرکزی نائب صدر و چیئرمین علمائ مشائخ فیڈریشن آف پاکستان سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی،جنرل سیکریٹری جے یوپی کراچی ڈویڑن فقیر ملک محمدشکیل قاسمی اورپیرسید ارشدحسین اشرفی نے کہاہے کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ نسل نو کی تباہی اور ملک کا نظریاتی تشخص ختم کرنے کا ایکٹ ہے، ملک بھر کے علماءمشائخ ایسے قانون کا بھرپور مقابلہ کریں گے جس سے ملک کا نظریاتی تشخص ختم اور نوجوان نسل تباہ ہو۔پاکستان میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نفاذ سے لٹیرے بدعنوان اورامریکی غلام ڈرتے ہیں،جے یو پی ان لٹیروں کے خلاف میدان عمل میں ہے،حکومت اور حزب اختلاف دونوں ہوش کے ناخن لیں حد یہ ہوگئی ہے کہ ٹرانس جینڈر جیسا قانون نافذ کر کے اللہ کے عذاب کو دعوت دی جارہی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے NPCKہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ان رہنماو¿ں نے ٹرانس جینڈر ایکٹ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ کی آڑ میں فحاشی، عریانی، ہم جنس پرستی اور نوجوان نسل کو تباہی کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ معلم انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کا حق اسی صورت میں پورا کرسکتے ہیں کہ معاشرے کو بگاڑنے والے ٹرانس جینڈر ایکٹ جیسے فتنوں کے خلاف جہاد کریں اورحضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے نظام کو ملک میں عملاً نافذ کریں،انہوں نے کہاکہ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نفاذ، احتساب سزاوجزاکا اسلامی نظام قائم ہونے اورلٹیروں کو قرارواقعی سزادینے سے مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوگی۔حکومت واپوزیشن کے لوگ نظام کی تبدیلی مسائل کے حل کے بجائے اپنے اپنے مقدمات ختم اور آئندہ دوبارہ براجمان ہونے کے لیے مصروف عمل ہیں انہیں عوام،عوامی مسائل سے سروکار نہیں،مہنگائی بے روزگاری اور بدعنوانی نے عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے۔جس کاحل صرف اور نفاذ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ہے عوام اسلامی نظام کے قیام اور مسائل کے حل کے لیے جے یو پی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء پاکستان ریاست مدینہ کا حقیقی نظام نفاذ کرے گی،عوام کو بار بار قومیت، اسلامی نظام اور ریاست مدینہ کے نام پر دھوکا دیا گیا لیکن بدقسمتی سے ایک دن بھی ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا جو لمحہ فکریہ اور آئین وعوام سے دھوکا ہے پاکستان میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو نافذ ہونے سے لٹیرے بدعنوان اورامریکی غلام ڈرتے ہیں جے یو پی ان لٹیروں کے خلاف میدان عمل میں ہے اسلام معاشی، معاشرتی، اقتصادی، سماجی مسائل کاواحد حل ہے، نفاذ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے ہی ملک مہنگائی بے روزگاری بے راہ روی کی دلدل سے نکل سکتا ہے اور عدل و انصاف کا بول بالا ہوسکتاہے۔ بدقسمتی اورامریکی آشیر باد سے وطن عزیز میں ہمیشہ ایسے حکمراں آتے رہے ہیں جنہوں نے امریکا کی غلامی میں سیکولر نظام لانے اور معیشت تباہ کرکے ملک کو دیوالیہ کرنے کی سازشیں کی ہیں حکومت اور حزب اختلاف دونوں ہوش کے ناخن لیں اب تو حد یہ ہوگئی ہے کہ ٹرانس جینڈر جیسا قانون نافذ کر کے اللہ کے عذاب کو دعوت دی جارہی ہے حکمراں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی سبق حاصل کرنے کی بجائے اپنے عمل سے مزید اللہ کے غضب کو دعوت دے رہے ہیں لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں بچے دودھ، غذائی اجناس، ادوایات کے لیے بلک رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے حکمراں عوام کی دادرسی کریں اور اپنے آپ کو اللہ کے غضب سے بچائیں۔حکمران بچت اور سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال نہ کرنے اور غیر ملکی دوروں پرکفایت شعاری کے بڑے بڑے اعلانات تو کرتے ہیں لیکن حقائق اس کے بالکل بر عکس ہیں۔ موجودہ معاشی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان اس بات کا متقاضی نہیں ہوسکتا کہ قومی خزانے کو اللوں تللوں کی نذر کیا جائے وقت کا تقاضا ہے کہ حکمران اپنے بے جا اور شاہانہ اخراجات ختم کرکے اربوں روپے کی بچت کریں اور وہی پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے۔ان رہنماوں نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں 7 اکتوبر بروز جمعہ شام پانچ بجے وائی ایم سی اے ہال میں وطن عزیز کی موجودہ داخلی وخارجی صورتحال اور سیاسی سماجی حالات کے تناظر میں مستقبل کالائحہ عمل طے کرنے کیلئے جے یو پی کے زیر اہتمام علماءمشائخ کنونشن زیر صدارت جے یو پی کے قائد صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر الوری منعقد ہوگی جس میں جید علماءمشائخ بھرپور شرکت کرینگے۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹرانس جینڈر ایکٹ سمیت لادینیت، قومیت، لسانیت اور ان جیسے فتنوں کا مقابلہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرکے کر سکتے ہیں، سب کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہی مشعل راہ ہیں۔سب کے رہبر و قائد معلم انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ مبارکہ ہے جنہوں نے انسانیت کو انسانیت کا درس دیا اور جو تمام خوبیوں کا مجموعہ ہے۔