
کراچی(اسٹاف رپورٹر)الیکٹرونکس اینڈ موٹرسائیکل ڈیلر الائنس/ کراچی سندھ تاجر اتحاد کے چئیرمین شیخ حبیب کے ہمراہ تاجر رہنماوں کی کراچی پریس کلب میں مہنگائی کے خلاف پریس کانفرنس جس میں عتیق میر، عالم شیخ،محمد اسمعیل لالپوریہ، عبدالرحمان، یوسف پاکستانی، اشرف کاکڑ، نعمان شمسی و دیگر افراد کی شرکت۔ اس پریس کانفرنس کا مقصد مہنگائی پر کنٹرول اور کاروبار کی بحالی کے لئیے جدوجہد ہے تاجر برادری کے سڑکوں پر آنے کا انتظار نا کیا جائے حکومت معاشی استحکام کے لئیے درست سمت کا انتخاب کرے۔ چئیرمین شیخ حبیب نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید مشکل معاشی حالات کا شکار ہے جس کا اثر مہنگائی کی صورت میں عوام پر نکل رہا ہے ڈالر پیٹرول بجلی کے بل اور اشیاءضرورت کی مستقل بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے عوام بدترین معاشی مسائل کا سامنا کررہے ہیں قوت خرید متاثر ہونے کی وجہ سے کاروبار ختم ہوگیا ہے موجودہ اتحادی حکومت جس کی سربراہی پاکستان مسلم لیگ نون کر رہی ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کے درمیان الزام تراشی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جس میں ایک دوسرے کو ملک کی خراب معاشی صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔ جب بات ملکی مفادات کی ہو تو تاجر برادری نے اختلافات کی سیاست نا کرتے ہوئے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ملک میں معاشی استحکام کے لئیے تاجر برادری نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔ دم توڑتی معیشت و مہنگائی نے تاجر کی کمر بھی توڑدی ہے، انڈسٹری سے ریٹیلر تک تمام کاروبار سے منسلک افراد اپنی بقاءکی جنگ لڑ رہے ہیں سرمایہ کاروں کا اعتماد ختم ہو چکا صنعتوں کے بند ہونے سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں معاشی بدحالی اور روزگار سے اچانک محروم ہوجانے کی صورت حال کس قدر تشویش ناک ہوتی جارہی ہے کہ شہروں میں روزگار سے محرومی کے قصے گھر گھر عام ہوگئے ہیں۔ حالات اس قدر خراب ہونے کے باوجود ہم مستقل سیاسی تماشہ دیکھ رہے ہیں سیاسی کشیدگی کی وجہ سے ملک کے حالات مزید خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں جب کہ بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آرہی اس بحران کا دوسرا سبب معیشت کا سودی قرضوں پر انحصار ہے یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت اس معاشی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے کیوں ٹھوس اقدامات نہیں اٹھا رہی کیا آپ سب لٹتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں بظاہر یہی نظر آرہا ہے۔