
کراچی(رپورٹ:عمران ہاشمی)نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ اور کربلا معلیٰ کے دیگر شہدا کا چہلم آج بروز ہفتہ 17 ستمبر کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ آج منایا جا رہا ہے۔ کراچی میں جلوس کی گزر گاہ پر موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔کربلا کے شہدا کے چہلم کے موقع پر ہفتہ کی رات ہی جلوس کی گزر گاہوں کو کنٹینر لگا کر سیل کردیا گیا، جب کہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ رینجرز اور پولیس کے جوان جلوس کے راستوں پر تعینات ہیں۔ علاوہ ازیں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ انٹیلی جینس اکٹھا کرنے کے ساتھ ساتھ امام بارگاہوں، مساجد اور عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر موبائل اور موٹرسائیکل سوار اہلکار گشت اور پکٹنگ بھی مضبوط کی جائے گی۔ آئی جی سندھ نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جامع تلاشی کے دوران مساجد، امام بارگاہوں، شاپنگ سینٹرز، مارکیٹوں، صنعتی اور تجارتی زونز، عوامی مقامات اور اہم تنصیبات پر توجہ دی جائے۔کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر مرکزی جلوس نشترپارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا۔ جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر ختم ہوگا۔چہلم کے جلوس، راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی جلوس کے موقع پر پولیس کے 2996 افسران اور جوان سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ اس کے علاوہ ریپڈ رسپانس فورس کے 375 افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں گے۔اس سلسلے میں سندھ کے تمام اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر آج بھی پابندی رہے گی۔ رپورٹس کے مطابق کراچی میں پیپلز بس سروس اور گرین لائنز بھی آج معطل رہے گی۔