کراچی(اسٹاف رپورٹر)سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم) پاکستان بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے ایک بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فیصل آباد جلسے میں افواج پاکستان کے سربراہان کی تقرری سے متعلق متنازع بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا ایک بیانیہ اگر قوم نے قبول کرلیا انہیں پھر پزیرائی ملی تو اسکا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ ملک کے آئین اور ملک کے تمام اداروں سے بالاتر کوئی سپریم اتھارٹی ہیں۔ افواج پاکستان کے اعلیٰ عہدوں پر تقرری کے لئے ایک واضح آئینی طریقہ کار موجود ہے اور اس میں باشمول وزیراعظم کسی سیاسی جماعت کے سربراہ کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اس عمل میں اپنی خواہش اور اپنی مرضی کی تقرری حاصل کرنے کے لیے آئین کے ساتھ کھلواڑ کرے افواج پاکستان میں تقرری کے آئینی عمل کی دھجیاں اڑائیں فوج کے احترام اور وقار ادارے کی اساس اور قومی و دفاعی اہمیت پر سمجھوتا کرے۔ اس طرح کے بیان سے افواج پاکستان کے شہداءکی فیملیز اور ملک کے کونوں کونوں میں موجود ہمارے فوجی جوانوں کی ناصرف دل آزاری ہوئی ہے بلکہ انہیں گہرا دکھ بھی پہنچا ہے۔
