کراچی(اسٹاف رپورٹر)یوم دفاع و شہدا کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پر وقارتقریب منعقد کی گئی ہے۔ پاکستان ائیرفورس کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔تبدیلی گارڈز کی تقریب میں پاک فضائیہ کے 60 مرد اور 5 خواتین کیڈٹس شامل تھیں۔تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ تھے۔ ائیر وائس مارشل قیصر جنجوعہ نے مزارقائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ہے۔ مزار قائد پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے کہا کہ یوم دفاع پر پاکستانی مسلح افواج اور تمام شہداءکو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی فوج نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج 6 ستمبر کے دن ہی دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملایا تھا، شاہینوں نے آج ہی کے دن لاہور میں دشمنوں کے ٹینکوں کو تباہ کیا تھا۔ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہدا کے ممنون ہیں جنہوں نے ملکی دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،اللہ ہمیں اپنی قوم کیلئے ذمہ داریاں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے،مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے پریڈ کا معائنہ کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے ہیں۔