
کراچی(ہیلتھ رپورٹر)محکمہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے ۵ سال کی عمر سے ۱۱ سال تک کے بچوں کو کورونا جیسے موزی مرض سے بچاو¿ کے لئے بچوں کی کورونا ویکسین کی مہم کا آغاز ۱۹ ستمبر ۲۰۲۲ سے کیا جارہا ہے جو 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔ پہلے مرحلے میں یہ مہم کراچی کے ساتوں اضلاع اور حیدرآباد میں کی جارہی ہے جہاں ۵ سال سے ۱۱ سال تک کے 2.4 ملین بچوں کو کورونا سے بچاو¿ کے ٹیکے بالکل مفت لگائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ایسٹ راجہ طارق چانڈیو کی جانب سے خاتون پاکستان گرلز اسکول کراچی میں بچوں کی کورونا ویکسین مہم کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ بچوں کی کورونا ویکسین کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ا ممتاز علی چنہ کراچی ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایسٹ کراچی ڈاکٹر محمد نعیم راجپوت نے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جمیل مغل اور عالمی ادارہ صحت کے ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر کیلاش کے علاوہ دیگر بالا افسران بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ا ممتاز علی چنہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بچوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو کنٹرول کرنے کے لئے بچوں کے لیے کورونا ویکسین مہم کا اہتمام حکومت پاکستان اور حکومت سندھ کا احسن اقدام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نعیم راجپوت نے کہا کہ جس طرح کورونا سے بچاو¿ کے لئے کورونا ویکسین لگانے کی مہم گزشتہ مہینوں میں کی گئی جس سے کورونا کیسز میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور اب بچوں میں کورونا کیسز کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کے لئے کی جانے والی یہ کورونا ویکسین کی مہم بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام کے لئے بہت ضروری ہے اور ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 685 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور 24 ستمبر تک جاری رہنے والی اس مہم میں ضلع شرقی میں 380909 بچوں کو کورونا سے بچاو¿ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔