اسلام آباد(آغازانقلاب ڈیسک)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ معاشی زنجیروں کے چنگل سے نجات حاصل کرنے کا واحد راستہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی معیشت کے لئے اہم ہے لیکن یہ منزل نہیں، مرحلہ ہے جو ملک کو معاشی بحالی کے راستے کی طرف لے کر جائے گا۔ معاشی خود انحصاری کے لئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی زنجیروں کے چنگل سے نجات حاصل کرنا ہوگی جس کا واحد راستہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کی جانب سے 2.15 ملین یورو کی امداد دینے پر یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مشیل کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیراعظم سے یورپین کونسل کے صدر چارلس مشیل کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، صدر یورپی یونین کونسل نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے یورپی یونین کی جانب سے 2.15 ملین یورو کی امداد پر شکریہ اداکرتے ہوئے یورپی یونین کے صدر کو غیرمعمولی بارشوں سے پاکستان بھر میں ہونے والی وسیع پیمانے پر تباہی سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے یورپی یونین کے صدر کو حکومت کی سیلاب متاثرین کیلئے ریسکیو اور امدادی کاروائیوں سے بھی آگاہ کیا ۔