کراچی (اسٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، زبیر احمدچنہ نے نجی کمپنیز کے عہدیداران،ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی اورمتعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نجی کمپنیز روزانہ کی بنیادپر رہائشی و کمرشل ایریاز، انڈسٹریل ایریا میں صفائی ستھرائی اور سوئپنگ کی صورتحال سے متعلق رپورٹ پیش کرینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ گھر سے کچرا اٹھانے کے انتظامات تیز اور سوفیصد یقینی بنائے جائیں۔ اس سلسلے میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے متعلقہ افسران کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کمپنیز کی کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کریں اور انکے بل اس وقت پروسیس کریں جب تمام کام پر مطمین ہوں، جس کام میں سوفیصد رزلٹ نہیں ملے گا ان کے یوسی وائزبل سے کٹوتی کی جائے گی۔ دریں اثنا انہوں نے سینٹری ورکز اور دیگر ملازمین کی اجرت سرکاری متعین کردہ اجرت کے مطابق کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کچرا کنڈیوں کے خاتمے، مشینری، منی ٹیپر، اورسوئیپنگ اسٹاف کی کمی جلد پورا کرنے کی بھی ہدایت کی۔آگاہی کے لئے مزید ٹیمیں بنانے اور گھر گھر، کمرشل ایریاز،ہوٹلز، شادی ہالز کے مالکان، دکاندار اور دیگر کاروباری حضرات کو کچرا تھیلوں میں بند کرکے ڈسٹ بن میں ڈالنے سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی اس کے علاوہ انہیں کچرے کے تھیلے بھی فراہم کرنے کے لئے کہا۔ گاڑیوں کی مرمت اور ڈسٹ بن میں چپ لگا کر مانیٹرنگ سسٹم سے لنک کے لئے تاخیر کا عمل نہ برتا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خراب گاڑیوں کے لئے ضلع انچارج ذمہ دار ہوگا۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا کہنا تھا کہ مثبت نتائج کے لئے نجی کمپنیز علاقہ وائز لائحہ عمل مرتب دیں۔