کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔جس کے باعث بہادرآباد، پی ایس سی ایچ ایس، محمد علی سوسائٹی، شارع فیصل، کارساز، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، بورڈ آفس، لیاقت آباد، نمائش چورنگی، صدر، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چند ریگر روڈ، گرومندر، گولیمار، لسبیلہ، جہانگیر روڈ سمیت شہر بھر کے علاقے ایک بار پھر ڈوب گئے۔ بارش کے باعث مختلف سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ہفتہ 13 اگست کی صبح موصول اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاو¿ن میں 60 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 40 جب کہ ایئر پورٹ پر 13ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ناظم آباد میں 26.5، نارتھ کراچی میں 23.1 ملی میٹر، گلشن معمار میں 23 ملی میٹر، مسرور بیس میں 19.5، جناح ٹرمینل پر 1.8 ملی میٹر، اولڈ ایئر پورٹ پر 1.2، اورنگی ٹاﺅن میں 21.6 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 18، کیماڑی میں 7.5، سعدی ٹاو¿ن میں19.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔میمن گوٹھ کے مقام پر ملیرندی بپھرگئی، جس کے بعد پانی کا بڑا ریلہ علاقے میں داخل ہونے سے شاہراہ زیرآب آگئی ہے۔ ملیر ملوک ہوٹل سے میمن گوٹھ جانیوالی ٹریفک معطل ہے۔رات کو شروع ہونے والی تیز اور ہلکی بارش کے باعث کئی سڑکوں اور گلیوں میں پانی میں جمع ہوگیا ہے۔ بارش کے باعث کئی سڑکوں پر گاڑیاں بند ہونے کے باعث رات کو شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے تحت آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیئے گئے ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا سلسلہ کل 14 اگست تک جاری رہے گا۔