کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیاتی اداروں کی انتظامی نااہلی کے باعث کورنگی سیکٹر31اے میں الواسع ٹاﺅن سمیت کئی رہائشی آبادیاں اورانٹر لنک سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، ڈی ایم سی کورنگی اور واٹربورڈ نے مرکزی سڑک، رہائشی آبادیوں سے سیوریج کے پانی کی نکاسی کے لیے اپنے فرائض کی بجاآوری نہ کرکے سیکڑوں شہریوں اور مکینوں کو اذیت میں ڈال دیا ہے، مکینوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کورنگی اور واٹربورڈ کورنگی کی انتظامی نااہلی اورگندی سیاست کے باعث کورنگی سیکٹر31 اے مخدوم بلاول سوسائٹی اور عبدالخالق اللہ والا ٹاﺅن کے درمیان مرکزی سڑک، محلے اور گلیاں گندے پانی میں ڈوب گئے ہیں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،بلدیاتی افسران ڈائریکٹرسینیی ٹیشن سمیت بلدیاتی عملہ پانی کی نکاسی کی بجائے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کرراہ فراراختیارکررہا ہے،اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرو ایڈمنسٹریٹر کورنگی، ایس سی ،ایکسئین کورنگی واٹر بورڈو دیگر بلدیاتی افسران سے رابطہ کرکے مدد طلب کی گئی لیکن علاقے میں صورتحال جوں کی توں ہے،علاقہ مکینوں نے آغازانقلاب نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے وائس ایکسئین (سیوریج ) نے مبینہ کورنگی سیکٹر 31 بی ، 31 جی کی سیوریج لائنیں مخدوم بلاول سوسائٹی اور اللہ والا ٹاﺅن کے ڈبل روڈ کے درمیان برساتی نالے سے جوڑی ہیں جبکہ جامع مسجد رحمت اللہ والاٹاﺅن کے پاس کور نالے سے برساتی نالے کو جوڑنے کے دوران جلد بازی میں دونوں نالوں کی سطح برابر کیے بغیر غلط کنکشن لگا دیا گیا جس کی وجہ سے کورنگی سیکٹر31 اے اوراطراف کی رہائشی آبادی اوراورانٹر لنک سڑکیں سیوریج کے پانی میں ڈوب گئی ہیں، غلط اقدام کے باعث برساتی نالہ جو مغربی سائیڈ کراسنگ کی جانب بند ہے وہ غلط رخ بہنا شروع ہوگیا ہے اور دیگر علاقوں کا سیوریج بھی مشرقی سائیڈ سی بی ایم نالے کی بجائے مخالف سمت میں بہنے کے باعث سیکٹر 31 اے کی مرکزی سڑک کا ایک ٹریک سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا ہے، سیوریج کا پانی نالے سے اوورفلو ہوکرسڑک،رہائشی آبادی میں آگیا ہے، علاقے میں آمدورفت کی واحد سڑک گلیاں محلے مسلسل گندے پانی میں ڈوبے رہنے سےتعفن اور بدبو پھیل رہی ہے جس سے مکینوں کا جینا محال ہے جبکہ مکھی مچھرکی افزائش سے مختلف امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔ سول سوسائٹی سماجی رہنما اور علاقہ مکینوں نے فوکل پرسن وزیر اعلیٰ سندھ رین ایمرجنسی کمیٹی برائے کورنگی صوبائی وزیر سعید غنی، وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری، کمشنرکراچی، واٹربورڈ کے سربراہ اورمتعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ کورنگی میں گٹروں کی گندی سیاست کوتحفظ فراہم کرکے دانستہ عوامی مشکلات بڑھانے میں ملوث بلدیاتی عملے کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اورسیوریج پانی کی نکاسی کرکے سڑک پر آمدورفت بحال کی جائے۔