کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے حلقہ این اے 245 سے اپنے امیدوار دانش خان کو ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار کر لیا۔وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے این اے 245 ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان کے حق میں دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ وفاقی حکومت میں شامل تمام حلیف جماعتوں کی جانب سے مشترکہ فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار کو دستبردار کیا ہے، اس فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی نے این اے 245 سے اپنے امیدوار دانش خان کو دستبردار کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں اس فیصلے کا کوئی اطلاق نہیں ہو گا، بلدیاتی انتخاباب میں تمام جماعتیں اپنے اپنے امیدواروں کے ساتھ میدان میں رہیں گی۔ د وسری جانب پیپلزپارٹی کے امیدوار دانش خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی اعلی قیادت کے فیصلے کو لبیک کہتا ہوں، ایک ماہ قبل جب پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی تو غیر مشروط کی تھی۔انھوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی قیادت نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا کہا تو اس پر بھی لبیک کہا اور اب پارٹی کی اعلی قیادت کی ہدایات پر الیکشن سے اپنا نام واپس لے رہا ہوں۔